ممبئی،29/دسمبر(آئی این ایس انڈیا)28 دسمبر کے دن کانگریس نے اپنے یوم تاسیس پرممبئی میں بی جے پی حکومت کے خلاف بھارت بچاؤ، آئین بچاؤ کا نعرہ لگاتے ہوئے احتجاجی مارچ نکالا۔
احتجاجی مارچ میں کانگریس کے سینئر لیڈر ملکا ارجن کھڑگے، مہاراشٹر کانگریس کے صدر بالا صاحب تھوراٹ، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ رہے پرتھوی راج چوہان اور اشوک چوہان بھی موجود رہے۔پروگرام میں ہاتھوں میں ترنگا لیے ہزاروں کی تعداد میں کانگریس کارکن موجود رہے جو مرکزی حکومت، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ممبئی کے جس تیج پال سبھاگرہ میں آج سے 135 سال پہلے 1885 میں کانگریس کا قیام ہوا تھا کانگریس نے اسی جگہ سے حکومت کے خلاف مورچہ شروع کیا۔کانگریس کے مہاراشٹر انچارج ملکاارجن کھڑگے نے لوگوں کو یاد دلایا کہ آج جو آزادی کے دن ہم دیکھ رہے ہیں یہ کانگریس کی وجہ سے ہے۔آئین بھی کانگریس نے بابا صاحب کی قیادت میں بنایا تھا۔کھڑگے نے مرکزی حکومت پر آئین کو برباد کرنے کا الزام بھی لگایا۔کانگریس لیڈرملکٓارجن کھڑگے نے براہ راست طور پر وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ کو نشانے بناتے ہوئے کہاکہ یہ حکومت ایسے ایسے قانون بنا رہی ہے جس سے سماجی تانا بانا خراب ہورہا ہے۔ملکا ارجن کھڑگے نے یہ بھی کہاکہ ممبئی ایسا شہر ہے جہاں اصولوں کے لیے جو بھی موومنٹ ہوئے وہ اپنے مقام تک پہنچے۔انہوں نے بی جے پی پر مذہب اور ذات کے نام پر سیاست کرکے ملک کو بانٹنے کا الزام لگایا۔کھڑگے نے کہا کہ 6 سالوں میں بی جے پی نے ملک کو برباد کر دیا ہے۔